ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بالآخرایڈی یو رپا روتے روتے مستعفی۔ بی جے پی قیادت نے جانشین کی تلاش شروع کردی، ریاست عدم استحکام کے ایک نئے دور کی جانب؟

بالآخرایڈی یو رپا روتے روتے مستعفی۔ بی جے پی قیادت نے جانشین کی تلاش شروع کردی، ریاست عدم استحکام کے ایک نئے دور کی جانب؟

Tue, 27 Jul 2021 11:23:20    S.O. News Service

بنگلورو،27؍جولائی(ایس او  نیوز)کرناٹک میں دوسال پرانی بی جے پی حکومت میں قیادت کی تبدیلی اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ایڈی یورپا کو بے دخل کرنے کے متعلق تجسس پیر کی دوپہر اس وقت ختم ہو گیا جب وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے اپنی حکومت کے دوسال کی تکمیل کے جشن کے دوران انتہائی جذباتی لہجے میں عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور اس کے فوری بعد انہوں نے راج بھون پہنچ کر گورنر تاور چند گہلوٹ کو اپنا ایک سطری استعفیٰ سونپ دیا جسے فوری طور پر منظورکرنے کے ساتھ ہی دو سال پرانی ایڈی یورپا وزارت کو تحلیل بھی کردیا گیا-

ایڈی یورپا کے استعفیٰ کے ساتھ ہی ان کے جانشین کی تلاش شدت اختیارکر گئی- بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے اراکین اسمبلی کی رائے جاننے کیلئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج ارون سنگھ کو مشاہد بنا کر بنگلورو روانہ کیا گیا ہے- اراکین اسمبلی سے مشورہ کے بعد یہ دونوں کل ہائی کمان کو اپنی رپورٹ دیں گے جس کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان ممکن ہے-اس دوران وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں سب سے آگے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کا نام ہے- ان کے علاوہ بی ے پی کے قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، ہبلی کے رکن اسمبلی اروند بیلاد، ریاستی اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری وغیرہ کے نام لئے جا رہے ہیں -

بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی اعلیٰ کمان چاہتی ہے کہ کرناٹک میں کسی ایسے چہرے کو وزیر اعلیٰ بنائے جو کٹر ہندوتوا نظریات کا حامل ہو -استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے جہاں وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا جذباتی ہوگئے وہیں انہوں نے حکومت چلانے میں انہیں بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کا بھی تذکرہ کردیا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دن کرناٹک کی بی جے پی حکومت کیلئے آسان نہیں ہوں گے اور کرناٹک سیاسی عدم استحکام کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا جہاں ممکن ہے کہ ریسارٹوں اور اراکین اسمبلی کی وفاداریوں کے بدلنے کا ایک نیا سلسلہ چل پڑے - گزشتہ چند دنوں تک ایڈی یورپا اور ان کے حامیوں کی طرف سے قیادت میں تبدیلی کے امکان کو مسلسل مستردکیا جا رہا تھا لیکن حالیہ دورہ دہلی کے دوران ایڈی یورپا کو واضح ہدایت مل چکی تھی کہ وہ 26جولائی کو عہدے سے مستعفی ہو جائیں - اعلیٰ کمان کی طرف سے ملی اس ہدایت کی بنیادپر ہی ایڈی یورپا نے پیر کی دوپہر چوتھی بار وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا- 78سالہ ایڈی یورپا کرناٹک کے سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط لنگایت طبقہ کے سب سے بڑے سیاسی قائد ہیں اور کرناٹک میں بی جے پی کو پروان چڑھانے میں انہوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے-

2018کے اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر نے کے بعدبھی اقتدار سے محروم رہی لیکن ایڈی یورپا نے آپریشن کمل کے ذریعہ کانگریس اور جے ڈی ایس کے 17/اراکین اسمبلی کو بی جے پی میں شامل کیا اور ریاست کے اقتدار پربی جے پی کا قبضہ یقینی بنایا-


Share: